لاہور: (دنیا نیوز) صوبہ بھر میں بڑھتی ہوئی سموگ کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے حکم پر کوڑا جلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایت کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت دیگر جگہوں پر سموگ نے اپنے ڈیرے ڈال ہوئے ہیں، جس کے باعث لاہور دنیا بھر میں سب سے زیادہ آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے، حکومت کی طرف سے اس وباء پر قابو پانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے سموگ کے تدارک کے لیے بڑا فیصلہ کر لیا، سیکرٹری بلدیات نورالامین مینگل نے وزیراعلیٰ کے حکم پر کوڑا جلانے والوں کے خلاف سخت ایکشن کی ہدایت کردی، لاہور سمیت پنجاب بھر کے کمشنرز ، ڈی سیز کو مراسلہ جاری کردیا۔
محکمہ بلدیات کی طرف سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ تیزی سے پھیل رہی ہے۔ کوڑا جلانے اور گندگی کو ختم کرنے کے حوالے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے۔ سب کمیٹی نے انسداد سموک ایس او پیز پر عملدرامد کرنے کی ہدایا ت دیں۔ لوکل گورنمنٹس کے سٹاف کی ڈمپنگ سائٹ پر کوڑا جلانے کی شکایات ہیں۔ ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔