اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ایک بات واضح ہے کہ سارا رولا اسلام آباد ہائی کورٹ میں مریم صفدر کی اپیل کی شنوائی کا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ عدالت اپیل نہ سنتی اور مجرمہ کی خواہش کے مطابق کیس ملتوی رہتا تو سب خیر تھی. نہ پہلے اپنا وکیل فارغ ہوتا، نہ من گھڑت درخواستیں آتی. نہ جج شمیم والا ناٹک رچتا اور نہ خلائی آڈیو لیک آتی۔
انہوں نے لکھا کہ نواز شریف خاندان شروع دن سے کیس کے میرٹ کے بجائے ہر حربہ استعمال کر رہا ہے.وہ چاہتا ہے کہ کیس کے اصل حقائق پہ بات نہ ہو، آئینی اداروں کو متنازعہ بنانے کا فنڈڈ ایجنڈا کافی پرانا ہے۔
نواز شریف خاندان شروع دن سے بجاے اپنے کیس کے میرٹ کے ہر حربہ استعمال کر رہا ہے کہ کیس کے اصل حقائق پہ بات نہ ہو، باقی آئینی اداروں کو متنازعہ بنانے کا فنڈڈ ایجنڈا کافی پرانا ہے
— Mirza Shahzad Akbar (@ShazadAkbar) November 22, 2021