بھارت کی افغانستان کو گندم فراہمی کی پیشکش،پاکستان سکیورٹی کیلئے تیار

Published On 02 December,2021 04:40 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز)افغانستان میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے بعد بھارت کی طرف سے 50ہزار میٹرک ٹن گندم پاکستان کے راستے جائے گی جس کی حفاظت کے لئے پاکستان سکیورٹی دینے کے لئے تیار ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ افغانستان میں انسانی بحران کے بعد طالبان حکومت نے عالمی اداروں سے اپنے منجمند کئے گئے اثاثوں کی بحالی کی درخواست کی تھی،اسی دوران اقوام متحدہ نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر بروقت افغانستان کی مدد نہ کی گئی تو وہاں پر حالات خراب ہوسکتے ہیں،لہٰذا تمام ممالک افغانستان کی مدد کریں،جس کے بعد بھارت نے 50ہزار میٹرک ٹن گندم دینے کی پیشکش کی تھی اور یہ گندم پاکستان کے راستے افغانستان جانا تھی ،وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس کے دوران اس پیشکش کو منظور کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کے تحت یہ گندم پاکستان کے راستے افغانستان تک پہنچانے کا عزم کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی عزم کے بعد مودی سرکار نے چالاکی دکھاتے ہوئے بھارت کی افغانستان کو گندم فراہمی کی پیش کش پر اسلام آباد سے سکیورٹی مانگ لی تھی، پاکستان نے افغان بھائیوں کی مدد کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سکیورٹی دینے کی تیاری کرلی ۔

پاکستان نے ورلڈ فوڈ پروگرام اور یو این طریقہ کار اپنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ڈبلیو ایف پی کے ساتھ سارے معاملات طے کرے جبکہ پاکستان کی تجویز پر بھارت سے گندم منتقلی کے لیے طریقہ کار کو وزیر اعظم اور کابینہ نے منظور کیا۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ گندم کی ترسیل کا عمل 30 روز میں مکمل ہو جائے،ڈبلیو ایف پی اور اقوام متحدہ بہتر طور پر افغانستان میں گندم کی تقسیم کا نیٹ ورک اور طریقہ کار سمجھتے ہیں۔
 

Advertisement