سیالکوٹ واقعہ، ملوث ذمہ داروں کو سخت سزا دی جائے گی: وزیراعظم عمران خان

Published On 03 December,2021 07:07 pm

لاہور:: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعے میں ملوث تمام ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ سیالکوٹ میں فیکٹری میں ہجوم کی طرف سے سری لنکن منیجر کو حملے کے دوران زندہ جلانا پاکستان کے لیے باعث شرم ہے۔ میں اس واقعے کی تحقیقات کی نگرانی کر رہا ہوں۔

انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے لکھا کہ کوئی غلطی نہ ہونے دیں، تمام ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔ واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاریاں جاری ہیں۔

 

دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لکھا کہ سیالکوٹ واقعے کے بعد میں وزیر اعظم اور حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے فوری اقدام کو سراہتا ہوں۔ یہ واقعہ یقیناً بہت افسوسناک اور شرمناک ہے۔ یہ واقعہ کسی بھی طرح سے مذہبی نہیں۔

 

انہوں نے مزید لکھا کہ اسلام ایسا مذہب ہے جس میں پر تشدد رویے کی بجائے امن اور انصاف کا پرچار کیا جاتا ہے۔

دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ٹویٹر پر لکھا کہ سیالکوٹ واقعہ بہت دلخراش ہے؛ قابل مذمت ہے۔ وفاقی حکومتی ادارے واقعے کی تحقیقات میں پنجاب حکومت کی معاونت کررہے ہیں۔ نیشنل کرائیسس سیل واقعے کے محرکات کا جائزہ لے رہا ہے۔ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کی عدالت میں لائینگے۔ مذہب کے نام پر انتہا پسندی کے واقعات کو روکنے کے لئے پورے معاشرے کو ملکر کام کرنا ہوگا۔

 واقعے میں ملوث 50 افراد کو حراست میں لے لیا: ترجمان پنجاب حکومت

اس سے قبل ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے میں ملوث 50 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی اور آئی جی پنجاب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سری لنکن شہری کا حادثہ بہت افسوسناک ہے، 50 افراد کو حراست میں لے لیاگیاہے، سی سی ٹی وی فوٹیج سے لوگوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے، واقعہ میں ملوث افرادکےخلاف کارروائی ہو گی۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے میں سری لنکن منیجر کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان علما کونسل سری لنکن منیجرکے قتل کی بھرپورمذمت کرتی ہے۔ مجرمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ سری لنکن منیجرپر حملہ کرنے والوں نے اس قانون کی بھی توہین کی ہے۔ سیالکوٹ میں سری لنکن منیجرکو قتل کرنے والوں کا عمل غیراسلامی اور غیرانسانی ہے۔

قبل ازیں سیالکوٹ میں فیکٹری ملازمین نے غیر ملکی منیجر کو تشدد کرکے ہلاک کردیا تھا ،واقعہ کے بعد وزیراعلٰی پنجاب نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیاتھا ۔

پولیس کے مطابق واقعہ سیالکوٹ کے علاقے وزیر آباد روڈ پر پیش آیا ۔ ملازمین نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی اور سڑک پر بلاک کردی، پولیس کےمطابق مشتعل افراد سے مذاکرات کے بعد وزیر آباد روڈ پر ٹریفک بحال کردی گئی تھی۔
 

Advertisement