پشاور:(دنیا نیوز)سانحہ آرمی پبلک سکول (اے پی ایس )کو گزرے 7سال بیت گئے مگر بچھڑنے والوں کا غم آج بھی تازہ ہے ۔
خیال رہے کہ 16دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک سکول(اے پی ایس) میں دہشتگردوں کی جانب سے خون کی ہولی کھیلی گئی جس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی )نے بزدلانہ وار کرتے ہوئے طلبہ سمیت 140سے زائد افرادکو بے دردی سے شہید کردیا تھا۔
اس واقعے کو گزرے 7سال بیت چکے ہیں،سانحے میں شہید ہونے والے طلبہ کے والدین تاحال انصاف کے منتظر ہیں،سپریم کورٹ آف پاکستان میں کیس کی سماعت بھی جاری ہے،جس میں وزیراعظم عمران خان نے عدالت عظمیٰ کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ججز حکم دیں تومتعلقہ حکام کے خلاف ایکشن لیں گے۔
دوسری طرف اس المناک سانحے کی آج ساتویں برسی منائی جائے گی ،پشاور میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا،جس کے باعث سکیورٹی کے بھی انتظامات کرلئے گئے ہیں۔شہدا کی درجہ بلندی کے لئے فاتحہ خوانی اور قرآن خوانی بھی کی جائے گی۔ شہدا کے قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گیں۔
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کےشریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا کی یوم شہادت پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ جب تک منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کو کٹہرے میں لاکر سزا نہیں دی جاتی ریاست شہیدوں کی مقروض رہے گی۔نیشنل ایکشن پلان میں ملک کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کا عہد کیا گیا تھا،افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے جانیں دے کر ملک میں امن بحال کیا۔