خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات: اہم وزرا کے رشتہ داروں سمیت بڑے برج الٹ گئے

Published On 20 December,2021 11:00 pm

پشاور:(دنیا نیوز)خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے کئی اہم رہنما اپنے حلقوں میں پارٹی کو شکست سے نہ بچا سکے، پہلے مرحلے میں اہم وزرا کے رشتہ داروں سمیت متعدد بڑے برج الٹ گئے۔

خیبرپختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں بڑے اپ سیٹ ہوگئے،کئی حکومتی برج الٹ گئے اوراہم وزرا آبائی علاقوں میں اپنے "مضبوط"کھلاڑیوں کو بھی نہ جتوا سکے،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور صوبائی وزیر شہرام ترکئی کے ضلع صوابی کی تین تحصیلوں ٹوپی ، چھوٹا لاہور اور رزڑمیں پی ٹی آئی کے امیدوار ہار گئے جبکہ وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کے آبائی ضلع کوہاٹ میں تحریک انصاف میئر شپ کے انتخاب میں شکست سے دوچار ہوئی۔

کوہاٹ میں وزیر مملکت شہریار آفریدی اپنی یونین کونسل سے بھی اپنے امیدوار کو جیت نہ دلوا سکے،گورنر شاہ فرمان کے آبائی علاقے بڈھ بیر سے ان کا امیدوار تحصیل چیئرمین نہ بن سکا، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کے حلقے پہاڑ پور میں تحریک انصاف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وزیر مملکت علی محمد خان کے شہر مردان میں بھی پی ٹی آئی امیدوار میئر کی سیٹ پر ناکام رہا۔

وزیر دفاع پرویز خٹک کے قومی اسمبلی کے حلقے میں شامل تحصیل پبی سے تحریک انصاف کو شکست کا سامنا کرنا پڑا،وفاقی وزیر عمر ایوب کے آبائی علاقے ہری پور کے تین تحصیل چیئرمینوں کی نشستیں نواز لیگ اور آزاد ارکان لے اڑے جبکہ ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان کے بھائی احتشام خان متھرا سے ہار گئے ،صوبائی وزیر جنگلات اشتیاق ارمڑ تحصیل چمکنی میں اپنے امیدوار کو کامیاب نہ کرا سکے۔
 

Advertisement