عمران خان کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ سیاسی ایجنڈا ہے :بلاول بھٹو

Published On 05 December,2022 12:35 am

اسلام آباد : (دنیا نیوز ) وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ سیاسی ایجنڈا ہے، آئندہ عام انتخابات میں اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے حصہ لیں گے ۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے دنیا میں تنہا ہو گئے ، سابق حکومت نے امریکا سے تعلقات خراب کیے ۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طالبان حکومت بننے کے بعد اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، کالعدم تنظیم نے میری والدہ کو شہید کیا جو ایک تلخ حقیقت اور حقیقت کو نہیں بدلا جاسکتا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر ہی نہیں فلسطین میں بھی عوام کو آزادی رائے کا حق ملنا چاہے، جب سے بھارت میں مودی کی حکومت آئی ہے وہاں بسنےوالے مسلمانوں کے لئے زمین تنگ کر دی گئی ہے ، مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے فوج کو مسلط کر رکھا ہے ، کشمیر کے معاملہ پر اقوام متحدہ کی قرار داد موجود ہے ۔


بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ آئینی جمہوری طریقے سے منتخب حکومت کو عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا، تباہ شدہ معیشت گزشتہ حکومت سے ورثے میں ملی ہے، پاکستان کی موجودہ اتحادی حکومت میں ملک کے تمام حصوں سے نمائندگی ہے، تمام اتحادی جماعتیں ملک کے مسائل کے حل کیلئے کام کر رہی ہیں۔
 

Advertisement