پشاور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی موروثی سیاست پر انحصار کرتے ہوئے سٹی میئر اور تحصیل چیئرمین کی 64 میں سے 54 کے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے کے پی کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لئے وزیراعلیٰ کے بھائی سمیت ارکان اسمبلی کے رشتہ داروں کو ٹکٹوں سے نواز دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے بھائی عبداللہ سوات کی تحصیل مٹہ سے نامزد کردیئے گئے جبکہ لوئر دیر سے بھی ارکان اسمبلی کے رشتہ داروں کو ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔
ایم این اے بشیر خان کے بھتیجے، ایم پی اے شفیع اللہ کے بیٹے بھی دوسرے مرحلے کے لیے امیدوار نامزد ہیں اور ایم این اے محبوب شاہ کے بھائی کو بھی ٹکٹ سے نواز دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پہلے مرحلے میں بھی پی ٹی آئی نے ارکان اسمبلی کے رشتہ داروں کو ٹکٹ دئیے تھے جبکہ ارکان اسمبلی کے رشتہ داروں کو ٹکٹ جاری کرنا ہار کی بڑی وجہ قرار دیا گیا تھا۔