بے نظیر بھٹو کی شہادت پاکستان ہی نہیں دنیا کی تاریخ کا ایک سانحہ ہے: شہباز شریف

Published On 27 December,2021 12:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہبازشریف نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم، جمہوریت کی ایک دلیر آواز اور ایک بہادر و مقبول عوامی قائد تھیں، ان کی شہادت پاکستان ہی نہیں دنیا کی تاریخ کا ایک سانحہ ہے۔

محترمہ بے نظیر بھٹو کی 14 ویں برسی پر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 14 ویں برسی پر سابق صدر جناب آصف علی زرداری، چئیرمین پی پی پی بلاول بھٹو، بیٹی بختاور، آصفہ اور دیگر تمام وابستگان، پارٹی رہنماﺅں اور کارکنان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اللہ تعالی ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین و وابستگان کو صبرجمیل دے۔