لاہور: (دنیا نیوز) خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بغض میں انہوں نے ریاست کی چولیں ہلا دیں، لیگی قائد کی نفرت میں ملک کو نقصان پہنچایا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے توہین عدالت کی، نواز شریف کی 3 مرتبہ حکومت آئی اور تینوں مرتبہ مدت مکمل نہیں ہونی دی، لوگ ووٹ ہمیں دیتے ہیں، ہم کس طرح بھارتی ایجنٹ ہوئے، نواز شریف نے کہا جو ووٹ لے کر آیا وہ مدت پوری کر کے جائے گا۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان بنانیوالوں نے کہا تھا ایک کروڑ نوکریاں دیں گے، آج لاکھوں لوگ بے روزگار ہو کر گھروں میں بیٹھے ہیں، بجلی کا بل ادا کرنے کیلئے لوگوں کے پاس پیسے نہیں، لوگوں کے پاس نئے کپڑے بنانے کیلئے پیسے نہیں، گھروں میں فاقے ہیں، والدین کے پاس بچوں کا پیٹ بھرنے کیلئے پیسے نہیں، آج اسپتالوں میں مریضوں کیلئے دوائیاں نہیں ہیں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے قوم سے جھوٹے وعدے کیے، ساڑھے 3 سال میں اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا گیا، نیا پاکستان بنانا دور کی بات، آپ نے پرانے کو بھی برباد کر دیا، میرے دل میں عمران نیازی کیلئے نفرت نہیں، غصہ ضرور ہے، 200 ارب ڈالر لانے کا وعدہ آج تک پورا نہیں ہوسکا، نواز شریف نے ایٹمی دھماکوں کے بدلے اربوں ڈالر کی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔