لاہور: (دنیا نیوز) سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم تحریک ضرور کامیاب ہوگی، ملک کو خطرات لاحق ہیں، کورونا وبا کے باوجود لوگ حکومت کیخلاف باہر نکل رہے ہیں، اجازت ملے نہ ملے لاہور میں جلسہ ضرور ہوگا۔
لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو میں پنجاب کو بڑا بھائی قرار دیا اور واضح کیا کہ جب بڑا بھائی نکلتا ہے تو مسائل حل ہوتے ہیں، اجازت ملے یا نہ ملے، 13 دسمبرکو پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا، عوام کورونا وباء کے باوجود جلسے میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک گھمبیر حالات سے گزر رہا ہے، ہم خود حکومت میں رہے ہیں، پتہ ہے اپوزیشن کے اتحاد اور جلسوں کے کیا اثرات ہوتے ہیں۔
ادھر احتساب عدالت میں پیرا گون سوسائٹی ریفرنس میں نیب کے ایک اور گواہ پر جرح مکمل کرلی گئی۔ عدالت نے مزید گواہوں اور پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے سماعت کی، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور سابق صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق پیش ہوئے۔ دوران سماعت نیب کے گواہ پٹواری عبدالغفور کے بیان پر وکلاء نے جرح مکمل کی۔ احتساب عدالت نے نیب کے مزید گواہوں کو 15 دسمبر کو طلب کرلیا۔