ملک کے بیشتر علاقوں میں کرونا ٹیسٹ کی سہولت موجود نہیں: خواجہ سعد رفیق

Last Updated On 29 March,2020 03:29 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں کرونا ٹیسٹ کی سہولت ہی موجود نہیں، حکومت تمام پرائیویٹ لیب کے لئے کرونا ٹیسٹ کے کم از کم نرخ مقرر کرے۔

اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سرکاری ھسپتالوں اور ھیلتھ سنٹرز میں کرونا ٹیسٹ کی مفت سہولت مہیا کی جائے۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں ڈینگی ٹسٹ کے کئے 800 روپے کو 80 روپے تک لا کر دکھایا تھا، کرونا ٹسٹ کا دائرہ سرکاری ھسپتالوں سے رورل ھیلتھ سنٹرز تک پھیلایا جائے، ہر ڈسٹرکٹ ھسپتال کو وینٹی لیٹرز مہیا کیے جائیں۔

خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈکس، پولیس اور ریسکیو اھلکاروں کے پاس حفاظتی کٹس نہ ھونے کے برابر ھیں، حکومتیں مقامی سطح پر پرائیویٹ مینو فیکچررز کے ذریعے کرونا حفاظتی کٹس تیار کروائے۔ کرونا ٹسٹ میٹیریل، حفاظتی کٹس، ونٹی لیٹرزکے فوری حصول کے لئے چین سے مدد لی جائے، صدر یا وزیراعظم فی الفور چین کا ایک روزہ دورہ کر کے مدد کی اپیل کریں۔

خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب میں کرونا کے خلاف اقدامات کے لئے ڈینگی کو شکست دینے والی شہباز شریف کی ھیلتھ ٹیم سے استفادہ کرے، کرونا کے خلاف حکومتی اقدامت ناکافی اور سست رفتاری کا شکار ھیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ مریضوں کا ڈیٹا اور اقدامات قوم کے سامنے کیوں نہیں لاۓ جا رہے۔
 

Advertisement