اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی زمین کا ریکارڈ طلب کرنے کی نیب کی درخواست پر خواجہ برادران کے وکلا کو بحث کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی۔
جیل حکام نے خواجہ برادران کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت کے روبرو پیش کیا۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت تفتیشی افسر نے قیصر امین بٹ کی رپورٹ پیش کی اور عدالت کو بتایا کہ میں نے خود وزٹ کیا ہے، قیصر امین بٹ بیمار ہیں۔
عدالت نے تفشتی افسر پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے تفتیشی کی رپورٹ واپس کر دی اور کہا کہ ریفرنس میں بھی تمام ضروری دستاویزات کی کاپیاں لف کی گئی ہیں جبکہ قانون کے مطابق وہ اصل دستاویزات ادھر ہونی چاہیے تھی۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی زمین کا ریکارڈ عزیز بھٹی ٹاؤن سے طلب کرنے کی استدعا کی جس کو عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزمان کے وکلاء کو بحث کے لیے طلب کرلیا۔ عدالت نے سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی۔