لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ کیس میں خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 جنوری تک توسیع کر دی۔ عدالت نے سعد رفیق کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت دے دی۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ خواجہ سعد رفیق زخمی حالت میں عدالت پیش ہوئے۔ سعد رفیق نے عدالت کو بتایا کہ رات کو ان کی بیرک میں آگ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے وہ زخمی ہوگئے، جیل حکام روزانہ اجلاس کیلئے مجھے اسلام آباد لے کر جاتے ہیں اور شام کو واپس لے آتے ہیں، ہر اجلاس کے موقع پر 8 گھنٹے کا سفر نہیں کرسکتا، مجھے اسلام آبادمیں ہی رکھا جائے۔
احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد جانے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے قیصر امین بٹ کی بیماری بارے تحریری رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواست پر سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔