لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے خواجہ سعد رفیق کو پروڈکشن آرڈر پر اسلام آباد جانے کی اجازت دیتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو گواہوں کے بیانات پر طلب کرلیا۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد خواجہ برادران کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ دوران سماعت ڈی آئی جی آپریشن اشفاق احمد نے کورٹ روم میں بدمزگی ہونے پر پولیس کی جانب سے جواب جمع کروا دیا۔
سماعت کے دوران خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ میں نے آج اسلام آباد میں اجلاس میں جانا ہے اجازت دی جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کس نے اسلام آباد جانا ہے جس پر سعد رفیق نے کہا جج صاحب میں نے جانا ہے اگر اجازت دیں تو چلے جاتا ہوں۔
عدالت نے خواجہ سعد رفیق کو اسلام اباد جانے کی اجازت دیتے ہوئے فریقین کے وکلا کو گواہوں کی جرح کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی۔