لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے پیرا گون سکینڈل میں گرفتار خواجہ برادرن کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 اکتوبر کی توسیع کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کو فرد جرم ختم کرنے اور بریت کی درخواستوں پر بحث مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
احتساب عدالت کے جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ جیل حکام نے خواجہ برادران کو عدالت میں پیش کیا، دوران سماعت عدالت نے گزشتہ سماعت پر خواجہ برادرن کو پیش نہ کرنے پر ایس پی ہیڈ کوارٹر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ملزمان کو پیش کیوں نہیں کیا گیا تھا جس پر ایس پی ہیڈکوارٹر نے بتایا کہ یہاں ہڑتال تھی، لاک ڈاون تھا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کام کر رہی ہے تو لاک ڈاون کیسا، اگر حکومت اس کیس کو آگے نہیں چلانا چاہتی تو بتائے۔
دوران سماعت خواجہ برادرن کے وکلا نے بتایا کہ سئنیر وکیل دیگر کیسز میں مصروف ہیں، تاریخ دی جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم آپ کی مرضی سے تاریخ دیتے ہیں جب زیادہ ڈھیل دی جائے تو ایسا ہوتا ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلا کو بحث مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔