لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 جولائی تک توسیع کر دی۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ جیل حکام نے پیراگون سکینڈل میں گرفتار خواجہ برادرن کو پیش کیا۔ دوران سماعت عدالت نے ریفرنس میں نامزد دیگر 3 ملزموں ندیم ضیاء، عمر ضیاء اور فرحان علی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے خواجہ بردران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 16 جولائی تک توسیع کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزموں کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر طبقے کے ساتھ حالت جنگ میں آچکی ہے، کیا اس طرح ملک چل سکتا ہے، عمران خان اور اسکے وزیروں سے گزارش ہے کہ عوام پر رحم کریں۔
خواجہ سعد رفیق نے رانا ثناء اللہ سمیت دیگر گرفتاریوں کو زیادتی قرار دے دیا۔ انہوں نے ٹرینوں کے برھتے حادثات پر تشیویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ٹرین پر سفر کرنا چھوڑ گئے ہیں جب حکمرانوں توجہ اپنے کام کی بجائے پرڈوکشن آرڈر بند کرنے اور اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالنے پر ہوگی تو پھر یہ یہی حال ہوگا۔