لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سکیم ریفرنس خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 ستمبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے خواجہ برادران کی فرد جرم ختم کر کے بری کرنے کی درخواست پر وکلاء کو بھی بحث کیلئے طلب کر لیا۔
احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ریفرنس کی سماعت کی۔ جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد ختم ہونے پر خواجہ برادران کو جیل سے لا کر عدالت پیش کیا گیا۔ خواجہ سعد رفیق کی طرف سے سابق اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے اپنا وکالت نامہ بھی جمع کروا دیا۔ سپیشل پراسکیوٹر نیب علی سلطان ٹیپو نے بریت کی درخواست پر تحریری جواب جمع کروا دیا۔
خواجہ برادران نے فرد جرم عائد کئے جانے کیخلاف درخواستیں دائر کر رکھی ہیں اور موقف اختیار کیا ہے کہ پیرا گون ریفرنس بے بنیاد اور جھوٹا بنایا گیا ہے، گزشتہ سماعت پر خلاف قانون فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ خواجہ برادران نے استدعا کی ہے کہ فرد جرم عائد کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے کر بری کیا جائے۔
عدالت نے خواجہ برادران کی درخواستوں پر وکلا کو بحث کے لیے طلب کر لیا۔ خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔