سیاسی باب بند ہو چکا، نواز شریف کو واپس ملک لایا جائے: فواد چودھری

Published On 25 December,2021 07:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کا باب اب بند ہوچکا ہے۔ ہم تو حق میں ہیں انہیں واپس لایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار فواد چودھری نے دنیا نیوز کے پروگرام ’اختلافی نوٹ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی نااہلی ختم کرنے کے لیے راستے نکالے جا رہے ہیں کہ سوال پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ لیگی قائد کی کرپشن نیب لا میں ثابت ہوچکی ہے، سیاسی بونے اپنا قد بڑھانے کے لیے اس طرح کی باتیں کرتے ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے قائد ڈبل نااہل ہیں، ایک سپریم کورٹ سے جبکہ دوسری جانب سے وہ نیب لاء میں بھی نا اہل ہیں، ملکی تاریخ میں نوازشریف کا باب اب بند ہوچکا ہے۔ وہ برطانیہ میں چھپ کر بیٹھے ہوئے ہیں، ہم توحق میں ہیں ان کوواپس لایا جائے، عدالت کوچاہیے تھا شہبازشریف نے گارنٹی دی تھی تو اب مسلم لیگ ن کے صدر سے پوچھا جائے۔ اداروں کو بدنام نہیں کرنا چاہیے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، پارٹی میں سب کی رائے کو سنا جاتا ہے، اپوزیشن اکثریت ہونے کے باوجود صادق سنجرانی کوہٹانے کے قابل نہیں تو اس سے اندازہ لگا لیں انہوں نے کیا کرنا ہے،

جوڈیشل سسٹم سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں لوگوں کا جوڈیشل سسٹم پر اعتماد بڑھنا چاہیے، چیف جسٹس،جج صاحبان کے سوچنے کا کام ہے۔

میڈیا سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میڈیا جو کچھ کر رہا ہے اس سے پاکستان کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، یہ کہنا کہ فوج کے کہنے پرسورج نکلتا اور ڈوبتا ہے، اس طرح کی باتوں سے پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، ون پیج کا ایشونہیں ہے، بدقسمتی سے میڈیا کی وجہ سے پرسپشن بن رہا ہے، ان چیزوں کوروکنا چاہیے پاکستان کا امیج خراب ہورہا ہے۔

ہواؤں کا رُخ اب آپ کا نہیں، وزیر اطلاعات کی ن لیگ پر تنقید

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ن لیگ والے بوٹ پالش کا سامان لے کر کھڑے ہیں صرف کوئی بوٹ آگے نہیں کر رہا۔

ٹویٹر پر وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ جو لوگ وطن واپسی کے لئے ڈیلوں کا انتظار کریں وہ سیاست میں ہمیشہ بونے ہی رہیں گے۔ مسلم لیگ (ن) والے بوٹ پالش کا سامان لے کر کھڑے ہیں، لیکن کوئی بوٹ آگے نہیں کر رہا، آپ پاکستان کا تاریک دور ہیں، ہواؤں کا رخ اب آپ کا نہیں، جب روشنی ہو جائے تو تاریکی ختم ہو جاتی ہے، پاکستان میں یہی ہوا ہے۔

نواز شریف کبھی ملکی سیاست میں واپس نہیں آ سکتے: شہباز گل

وزیراعظم عمران خان کے معان خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف کبھی ملکی سیاست میں واپس نہیں آ سکتے، (ن) لیگ والے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چشتیاں میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن میں بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کارکنان اور رہنمائوں نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں سے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ایک بیانیہ دیا جا رہا ہے کہ نواز شریف کی ڈیل ہو رہی ہے اور وہ اب ملک واپس آ رہے ہیں۔ وہ نواز شریف جنہوں نے پنجاب میں دھوکا دہی سے اپنے پلیٹ لیٹس کم کرنے کے حوالے سے جھوٹ بولا اور صحت کو لے کر حشر برپا کیا گیا، اس کے بعد ملک سے فرار اختیار کی لیکن لندن جاتے ہی ایسے ہشاش بشاش ہو گئے جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بیرون ملک جا کر جھوٹ بولے، تقریریں کیں اور عدلیہ و قومی اداروں کے خلاف بدزبانی کی۔ اب ان کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہو گئی ہے، ہم نے پاسپورٹ کی مدت میں توسیع کی ہے نہ ہی کریں گے، اب جیسے ہی ویزہ مسترد ہو وہ پاکستان واپس آئیں، ہم چاہتے ہیں کہ وہ ملک واپس آ کر جیل میں اپنی سزا کی مدت پوری کریں۔ عدالتوں کے فیصلوں کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کو خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر علاج کے لئے بیرون ملک جانے دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی ملوں میں کام کرنے والے ڈرائیورز اور کلرک جن کی تنخواہیں ماہانہ 9، 9 ہزار روپے ہیں، ان ملازمین کے اکائونٹس میں اربوں روپے کہاں سے آ گئے، ان سب کے نام، اکائونٹ نمبر اور بینک سٹیٹمنٹس سامنے آ چکی ہیں اور ایف آئی اے میں چالان پیش ہو چکا ہے، شریف خاندان اس بات کا جواب نہیں دیتا کہ ان کی ملوں میں کام کرنے والے 16 ملازمین کے اکائونٹس میں 17000 ٹرانزیکشنز کیسے ہو گئیں اور 16 ارب روپے ان کے ملازمین کے اکائونٹس میں کہاں سے آ گئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کرسی پر رہیں یا نہ رہیں، وہ کسی بھی صورت ان کرپٹ لوگوں کو این آر او نہیں دیں گے، وزیراعظم عمران خان حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں ہوں، ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کرپشن کا حساب ضرور لیں گے۔
 

وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کا نیا تنظیمی ڈھانچہ تشکیل دیدیا

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کی تنظیموں کی تحلیل کے بعد نیا تنظیمی ڈھانچہ تشکیل دے دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے ٹوئٹر پر بتایا کہ تنظیم نو کے بعد وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر پی ٹی آئی کے نئے جنرل سیکرٹری ہوں گے۔

فواد چودھری کی ٹوئٹ کے مطابق درج ذیل عہدیداروں کو صوبائی صدور کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں:

وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کو خیبرپختونخوا

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کو سندھ

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کو بلوچستان

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو پنجاب

خسرو بختیار کو جنوبی پنجاب میں پی ٹی آئی کا صدر بنایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی چیئرمین نے عامر محمود کیانی کو پارٹی کا ایڈیشنل سیکریٹری جنرل نامزد کیا ہے۔

 

Advertisement