لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے نواز شریف اور زرداری نے قرضے لے کر ملک کا بیڑہ غرق کیا، مریم نواز خیبرپختونخوا میں اپنی شکست کا جشن منا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے معاون خصوصی شہباز گل کے ہمراہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پیپلزپارٹی کے پاس پنجاب میں امیدوار نہیں ہے، چھوٹے چھوٹے سیاسی بونوں سے ہمارا مقابلہ ہے، ان کی سیاست صرف مہنگائی کے خلاف پروپگینڈہ کرنے تک رہ گئی ہے، 3 سال ہوگئے زرداری صاحب سندھ کیلئے پلان کب لائیں گے؟، نواز شریف اور آصف زرداری جلد وہیل چیئر پر نظر آئیں گے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، پاکستان کورونا سے کامیابی سے نمٹنے میں کامیاب ہوا، زراعت پر حکومت نے خصوصی توجہ دی، زراعت کے شعبے پر توجہ دینے سے 5 فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایک بچے کولانچ کرنے کی کوشش کی گئی، سیاست کیلئے صرف کشش کی نہیں اچھی زبان کی بھی ضرورت ہوتی ہے، آصف زرداری کو جیسے ہی ضمانت ملی انہوں نے بڑھکیں مارنا شروع کر دیں، والدہ کی جائیداد نہیں، والد کی تنخواہ 1500 ہے، بیٹے کی شادی پر پیسہ کس نے لگایا؟۔