اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر نے بکا خیل بنوں میں قبل از انتخابات دھاندلی کیس میں ڈی پی او بنوں کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے بکا خیل بنوں میں قبل از انتخابات دھاندلی کیس کی سماعت کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تحقیقات کا حصہ صرف گرفتاری نہیں ہے، ڈی پی او بنوں مکمل رپورٹ دیں، آپ کی رپورٹ صرف گرفتاری کے گرد گھوم رہی ہے، آپ لوکیشن معلوم کریں، یہ بنیادی رپورٹ ہے، ایسے کام نہیں چلے گا، پریزایڈنگ افسران کا اغوا ہونا عام بات نہیں، اگر آپ سے کام نہیں ہوتا تو کام کسی اور کے سپرد کر دیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ڈی پی او بنوں تفصیلی رپورٹ لائیں ورنہ ہم آپ کے خلاف کارروائی کر دیں گے، ہم سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کریں گے، کیس کی کوئی پیش رفت نہیں ہے، آئی جی خیبر پختونخوا اس کیس میں ذاتی دلچپسی لیں، یہ حقائق ہیں کہ پریزایڈنگ افسران اغوا ہوئے، ڈی پی او کی آئندہ رپورٹ ٹھیک نہ ہوئی تو آئی جی پولیس کو بلائیں گے، سپیشل سیکرٹری 4 جنوری سے قبل انکوئری رپورٹ مکمل کریں۔