'عمران نیازی نے ایمانداری کا میک اپ کیا ہوا تھا، رپورٹ نے چہرہ بے نقاب کر دیا'

Published On 06 January,2022 02:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے ایمانداری کا میک اپ کیا ہوا تھا، رپورٹ نے چہرہ بے نقاب کر دیا، یہ ملکی معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا چکے، وقت آگیا قوم فراڈ کرنے والوں کا احتساب کرے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو دیوالیہ کر دیا گیا، ہر پاکستانی ملکی خود مختاری بچانے کیلئے کردار ادا کرے، عمران خان کو ملکی خود مختاری کا سودا نہیں کرنے دیں گے، حکومت اسٹیٹ بینک کی سالمیت ختم کر رہی ہے، حکومت بچانے کیلئے اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھا ہے، آئی ایم ایف کے سامنے عمران نیازی نے سرنڈر کر دیا، سیاسی وزیراعظم پارلیمنٹ اور عوام کو جوابدہ ہوتا ہے، عمران خان فوری طور پر مستعفی ہوں۔

دوسری جانب لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے انسانیت کے نام پر فنڈز جمع کر کے خردبرد کی، ثابت ہوگیا انہوں نے ملک دشمنوں سے پیسہ لیا، وقت آگیا ہے لوگ ان کو گریبان سے پکڑ کر نکالیں، عمران خان کے پاس ملک پر مزید مسلط رہنے کا جواز نہیں، ساڑھے 3 سال میں ملکی معیشت تباہ کر دی، ادویات، چینی اور آٹے کی مد میں لوگوں کو لوٹا گیا، چندہ دینے والے ہی حکومت کے بینیفشری ہیں، ان کی کرپشن اور غبن پوری دنیا کے سامنے عیاں ہوگئی، لوگوں کو چور چور اور ڈاکو ڈاکو کہنے والا خود چور ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیپ اس دن چلائی گئی جب اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ آئی، 2 افراد نجی گفتگو کر رہے ہوں تو اسے ریکارڈ اور پبلک کرنا جرم ہے۔

ادھر پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ بارش کا پہلا قطرہ ہے، پچھلے سات سالوں سے ان تحقیقات کو رکوانے کی تگ و دو میں مصروف عمران خان کے کارنامے قوم کے سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، دوسروں پر من گھڑت الزامات عائد کرنے والوں کے خلاف مستند رپورٹ چوری، خورد برد اور مشتبہ ذرائع سے فنڈنگ کی نشاندہی کرتی ہے، اس ہیر پھیر کی تہہ تک پہنچنا اشد ضروری ہے، قوم کے سامنے حقائق آنے چاہئیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ فراڈ کروڑوں سے شروع ہوا ہے اور اربوں روپے تک جائے گا، تبدیلی کا اصل چہرہ سامنے آنے پر لوگوں کے ہوش اڑ جائیں گے۔ تہلکہ خیز رپورٹ میں تصدیق ہو گئی کہ پی ٹی آئی نے غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے فنڈز حاصل کیے، فنڈز کو کم دکھایا اور درجنوں بینک اکاؤنٹس چھپائے۔