اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس میں ٹرائل کورٹ کو کارروائی آگے بڑھانے سے روک دیا۔ عدالت نے وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیراعظم کے بیان پر جرح کا حق ختم کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل خواجہ آصف نے موقف اپنایا کہ ٹرائل کورٹ نے عمران خان کے بیان پر جرح کا حق ختم کر دیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا ہتک عزت کا یہ کیس کب سے زیر التوا ہے، جس پر وکیل خواجہ نے جواب دیا کہ یہ کیس 2012 کا ہے، 2021 میں سوالات وضع کیے گئے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے ڈائریکشن دی ہے کہ ہتک عزت کے کیسز جلد نمٹائے جائیں۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا کیس میں اس التوا کا ذمہ دار کون ہے ؟ کیا آپ کہتے ہیں کہ التوا عمران خان کی طرف سے ہوا ؟ 2012 سے ہتک عزت کا کیس تاخیر کا شکار ہو رہا ہے، ہتک عزت کیس کا تو 2 ماہ میں فیصلہ ہو جانا چاہیئے تھا۔ وکیل خواجہ آصف نے کہا کہ دونوں فریقین کی جانب سے التوا لیا گیا۔