لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا ویکسی نیشن مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی، عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بوسٹر ڈوز لگانے کے عمل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اومی کرون ویرینٹ کے باعث کورونا کیسوں میں اضافے پر تشویش ہے۔ حکومت پنجاب شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ کورونا سے نمٹنے کے لئے انتظامی مشینری، محکمہ صحت، پولیس اور متعلقہ محکمے پوری طرح چوکس ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا کی پانچویں لہر مزید احتیاط کی متقاضی ہے۔ پبلک مقامات پر سماجی فاصلہ اختیار کرنا ضروری ہے۔ موثر طریقے سے ایس او پیز پر عملدرآمد سے ہی بیماری کا پھیلاؤ کم سے کم ہوگا۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنی زندگیوں کے تحفظ اور صحت کے لئے حکومتی ہدایات پرعمل کریں۔