اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام پی ٹی آئی کو ان کی زندگیاں مشکل بنانے پر معاف نہیں کرے گی، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے انہیں دفن کر دیں گے۔
قائد حزب اختلاف و صدر مسلم لیگ نون شہباز شیرف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز ملک کی پارلیمانی تاریخ کا ایک سیاہ دن تھا، پہلے ہی تاریخی مہنگائی کی زد میں آنے والے عوام پر منی بجٹ مسلط کر دیا گیا۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی و مسلم لیگ نون کے رہنما حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں دیگر سیاسی جماعتوں کیساتھ مل کر تبدیلی لے کر آئیں گے، ان کا سیاسی جنازہ بڑی دھوم دھام سے نکلے گا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ سر پکڑ کر بیٹھے ہیں کہ اس نااہلی، نالائقی کا کیا بندوبست کیا جائے، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا، 2 روز قبل عمران نیازی نے کہا مہنگائی ہے تو حکومت کیا کرے، عمران نیازی کی بے حسی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی، عمران نیازی سے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے 2 لفظ نہیں بولے جاتے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں ان کے حواری سوال اٹھا رہے تھے، ان کے حواری بھی جان گئے عوام میں کس منہ سے جائیں گے، ہم پر منی لانڈرنگ کے جھوٹے الزامات لگاتے تھے، ہم تو 4 سال سے پیشیاں بھگت رہے ہیں، الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی نے عمران نیازی کو سرٹیفائیڈ چورق رار دیا، الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ نے سب بے نقاب کر دیا، ایوان وزیراعلیٰ میں عثمان بزدار رشوت کے سودے خود کرتے ہیں۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہونے جا رہا ہے، عمران نیازی ! اپنی آنکھوں کی پٹیاں کھولو،بنی گالاکی پہاڑی سےنیچےاترو، 22 کروڑعوام بنی گالا کے محل میں نہیں رہ سکتے۔