لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے ایم پی بلال یاسین پر حملہ کیس میں تفتیشی پولیس نے مشہور بکی میاں وکی کو ملزم نامزد کر دیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق بلال یاسین پر حملہ کیس میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے اور تفتیشی افسر نے میاں وکی کو ضمنی میں مرکزی ملزم لکھا ، شاہدرہ سے گرفتار ہونے والے دونوں شوٹرز کے بیانات اور دیگر ذرائع سے موصول اطلاعات پر ملزم قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار نے کہا ہے کہ لیگی رہنما بلال یاسین پر فائرنگ کے نامزد ملزم میاں وکی کو جلد گرفتار کیا جائے گا ، ملزمان کی گرفتاری کے ریڈ وارنٹ جاری کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میاں وکی کی بیرون ملک گرفتاری کے لئے انٹرپول سے رابطے جاری ہیں، سی آئی اے کی ٹیم انٹر پول کے ذریعے میاں وکی کو گرفتار کرے گی۔
خیال رہے کہ بلال یاسین کو 30 دسمبر کی رات موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے فائرنگ سے زخمی کیا تھا۔