لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ اقتدار سے آؤٹ اپوزیشن ان ہاؤس تبدیلی کے خواب دیکھنا چھوڑ دے، کسی بھی احتجاج یا مارچ سے حکومت جانے والی نہیں۔
گورنر پنجاب چودھری سرور سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ملاقات کی، جس میں سیاسی اور حکومتی امور، گلگت بلتستان میں سیاست کے فروغ سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر چودھری سرور نے کہا کہ اتحادی جماعتیں اور تحریک انصاف وزیر اعظم کی کپتان میں متحد ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی ایمانداری پر مخالفین بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ مخالفین مارچ میں مارچ کر یں یا فروری میں، کپتان ان کے خلاف ڈٹ کر کھڑا ہے، کسی احتجاج مارچ سے حکومت جانیوالی نہیں، عمران خان بطور وزیراعظم مدت پوری کریں گے، اپوزیشن کو احتجاجی سیاست کرنے کی بجائے الیکشن 2023 کا صبر سے انتظار کرنا چاہیے، (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتیں آئنی مدت پوری کر چکیں، ہم بھی کر یں گے، پورے ملک میں یکساں ترقی حکومت کا مشن ہے، گلگت کے عوام کو بھی خوشحال او ر مضبوط بنائیں گے، موجودہ حکومت ملک کو درست سمت میں ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے، صحت کارڈ جیسا پاکستان کی تاریخی منصوبہ ہے، حکومت عوام کیساتھ کھڑی ہے۔
وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام بھی وزیر اعظم عمران خان اور ان کے پالیسوں کیساتھ کھڑے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت گلگت کے عوام کو صحت اور تعلیم سمیت بنیادی سہولتیں دے رہی ہے۔