نیب نے مریم نواز کی سزا پر پولیٹیکل انجینئرنگ کا الزام مسترد کر دیا

Published On 19 January,2022 10:08 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احستاب بیورو نے ایون فیلڈ ریفرنس میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی بری کرنے کی نئی درخواست کا جواب دیتے ہوئے پولیٹیکل انجینئرنگ کا الزام مسترد کر دیا۔ نیب کا کہنا تھا کہ مریم اور نواز شریف نے آج تک لندن فلیٹس کا جواب نہیں دیا، ویڈیو لیک والے جج کا بھی کیس سے کوئی تعلق نہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں نیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ابھی تک یہ نہیں بتایا کہ لندن جائیدایں کیسی خریدیں، پیسہ کیسے منتقل کیا ؟ مریم نواز کی بریت کی درخواست جھوٹ، حقائق کے منافی، ناقابل سماعت اور عدالت کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے، احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں قانون کے مطابق شفاف ٹرائل کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کو سزا دی۔

جواب میں نیب کا کہنا تھا کہ سابق جج شوکت عزیز صدیقی کے الزامات پر سپریم جوڈیشل کونسل انہیں برطرف کرچکی، ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ جج محمد بشیر نے کیا، جج ارشد ملک کا کوئی تعلق نہیں، جج ارشد ملک کی ویڈیو اور بیان جھوٹ اور حقائق کے منافی ہے، مریم نواز کی درخواست میں لگائے گئے الزامات پر سپریم کورٹ پہلے ہی فیصلہ دے چکی ہے، سپریم کورٹ نے فیصلے پر عملدرامد کیلئے نگران جج مقرر کیا، مریم نواز کے نگران جج پر الزامات توہین عدالت کے زمرے پر آتے ہیں، پانامہ کیس کی سماعت کرنے والے جج ابھی بھی جوڈیشل سروس میں ہیں۔


 

Advertisement