لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آگیا، انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔
سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آگیا، انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا، علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کرایا گیا، قوم سے دعاؤں کی درخواست ہے، اللہ شہباز شریف کو اور جتنے لوگ کورونا میں مبتلا ہیں، انہیں جلد صحتیاب کریں، شہباز شریف ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں، انہوں نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 37 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 38 ہزار 993 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 55 ہزار 499، سندھ میں 5 لاکھ 9 ہزار 308، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 82 ہزار 619، بلوچستان میں 33 ہزار 744، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 455، اسلام آباد میں ایک لاکھ 12 ہزار 557 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 811 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 42 لاکھ 97 ہزار 430 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 57 ہزار 669 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 65 ہزار 239 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 908 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 8 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 37 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 91، سندھ میں 7 ہزار 709، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 965، اسلام آباد میں 969، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 187 اور آزاد کشمیر میں 749 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔