لاہور: (دنیا نیوز) نیو انار کلی پان منڈی کے قریب دھماکے میں 9 سالہ بچے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے، کچھ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
لاہور پولیس کے ترجمان رانا عارف نے تصدیق کی کہ بم ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کے نتیجے میں آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ موٹر سائیکلز میں آگ لگ گئی۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں دھماکے کی جگہ پر موجود ہیں۔ فرانزک ذرائع کے مطابق دھماکا ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے میں ڈیڑھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، بارودی مواد لفافے میں چھپا کر موٹر سائیکلوں کے قریب رکھا گیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاہور دھماکے کا وقت ایک بج کر 44 منٹ ریکارڈ کیا گیا، دھماکے میں ایک بلڈنگ منہدم جبکہ 8 موٹر سائیکلیں تباہ ہوئیں، دھماکے کے بعد 40 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔
دھماکے میں 3 افراد جاں بحق
دھماکے میں تین افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں رمضان، ابصار اور یاسر شامل ہیں۔
دو شہری موقع پر جاں بحق ہوئے تھے تاہم 15 سالہ یاسر کو شدید زخمی حالت میں میو ہسپتال لایا گیا جہاں پر ان کی سرجری کی گئی، یاسر کی دونوں ٹانگیں کٹ چکی تھیں اور ایک آنکھ ضائع ہو چکی تھی جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے۔
9 سالہ ابصار کا تعلق کراچی سے نکلا
اُدھر دھماکے میں جاں بحق ہونے والے ابصار کا تعلق کراچی کے علاقے کورنگی سے نکلا، 9 سالہ ابصار کے والدین مظفرآباد کے رہائشی ہیں۔
لواحقین کا کہنا تھا کہ ابصار کراچی میں اپنے ماموں سلمان کے ہمراہ رہتا تھا،دھماکے میں مقتول بچے کے ماموں سلمان بھی زخمی ہوئے، زخمی سلمان نے اپنے بھانجے ابصار کو گود لیا ہوا تھا، زخمی سلمان سالی کی شادی کی تقریب میں فیملی کے ہمراہ مظفرآباد گئے تھے،مظفر آباد سے سلمان بہن کے بیٹے ابصار کو کراچی واپس لیکر آرہے تھا ، شادی کے بعد واپسی پر لاہور ایک دن کے لیئے گھومنے رکے تھے، ابصار کی نماز جنازہ مظفر آباد میں ادا کی جائے گی۔
رمضان کا تعلق فیروز والا سے
دھماکے میں جاں بحق ہونے والے محمد رمضان کا تعلق شیخوپورہ کی تحصیل فیروز والا سے تھا، جاں بحق کے بعد محمد رمضان کے گھر قیامت صغریٰ کا منظر پیش کرنے لگا۔
ورثاء کے مطابق رمضان نے 1 ماہ قبل ہی پٹھورے والی دوکان میں ملازمت شروع کی تھی، رمضان 2 دن کی چھٹی کے بعد اج ہی گھرسے گیا تھا، مقتول کے سوگواران میں 5 بہنیں، دو بھائی 4 سالہ بچی اور بیگم ہے۔
واقعے کا مقدمہ درج
انارکلی پان منڈی میں ہونے والی دہشتگردی کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں انسپکٹر عابد بیگ کی مدعیت میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ جائے وقوعہ سے تفتیشی ٹیموں کو بال بیرنگ اور دیگر مواد ملا، تخریب کاری کے دوران آگ لگنے سے موٹرسائیکلیں اور دیگر سامان جل کر تباہ ہوا۔
ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ تین نامعلوم دہشت گرد موٹرسائیکل پر آئے اور بارود سے بھری گاڑی کو کھڑی کر کے چلے گئے، دہشت گردی کی کارروائی کےلیے IED مواد استعمال کیا گیا۔
دھماکے میں خطرناک ڈیڑھ کلو باروودی مواد استعمال کیا گیا، تحقیقاتی رپورٹ
انار کلی میں ہونے والے بم دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کر دی گئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق پلانٹڈ ڈیوائس سے دھماکا کیا گیا، وزیراعلیٰ کو پیش دھماکے میں خطرناک ڈیڑھ کلو باروودی مواد استعمال کیا گیا تھا، دھماکا لوہاری چوک میں ہوا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں عمارت اور 8موٹرسائیکلوں کو نقصان پہنچا، 29 افراد زخمی اور 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ دھماکا ایک بجکر 40منٹ پر ہوا، 1بجکر 44 منٹ پر نامعلوم شخص کی کال آئی کہ نیو انارکلی میں دھماکا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اطلاع ملتے ہی لاہور پولیس سمیت انتظامیہ فوری پہنچے۔ پولیس، فرانزک ایجنسیوں، حساس ادارے جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔ بارودی مواد کس میں نصب تھا،اس حوالے سے سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد لی جارہی ہیں، زخمیوں کوبہترین طبی امداد دی جارہی ہے۔ دھماکے کے فوری بعد لاہور کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی اور زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہیں، بعض مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا جن سے تحقیقات کی جارہی ہے۔
دسمبر میں دو تھریٹ الرٹ موصول ہوئے: ذرائع
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کو دسمبر میں دو تھریٹ الرٹ موصول ہوئے، محکمہ داخلہ پنجاب نے تھریٹ الرٹ کو معمولی کارروائی کا حصہ بناکر متعلقہ پولیس حکام کو بھیجوا دیا، محکمہ داخلہ پنجاب نے تھریٹ الرٹ سے متعلق سکیورٹی پلان پر کوئی بریفنگ نہ لی گئی، امن و امان سے متعلق اجلاس میں پنجاب بھر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے دھرنوں کو فوکس بنایا گیا۔
اس پر موقف دیتے ہوئے محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام کا کہنا تھا کہ تھریٹ الرٹ موصول ہوتے رہتے ہیں، جس پر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ٹیلیفون
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزردار کو ٹیلیفون کیا ہے اور انارکلی دھماکے میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشتگروں کے خلاف متحد ہے، اللہ پاک اس ملک اور عوام کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔
وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم نے انار کلی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
دوسری طرف وزیراعظم نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ انارکلی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دھماکے کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ انارکلی بازار لاہور کے پاس ہونے والا دھماکا امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے- دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سےنہیں بچ پائیں گے۔ ہم دھماکےمیں جاں بحق افراد کےاہلخانہ کےدکھ اور درد میں برابر کےشریک ہیں- زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنےکی ہدایات دی ہیں-
وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لاہورانارکلی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، دھماکے سے انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہوا۔ زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہوں۔ پنجاب حکومت سے انارکلی دھماکے کی رپورٹ طلب کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں بم دھماکے کی مذمت کی اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت زخمیوں کے فوری بہتر علاج و معالجے کے لئے اقدامات کرے، اسلام آباد میں پولیس افسران کی شہادت کے بعد انارکلی میں دھماکا تشویش ناک ہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ہلاکت ہوئی، ملک میں دہشت گردی کا عفریت قابو سے باہر ہوتا جارہا ہے، عمران خان میں وہ اہلیت نہیں کہ کسی بحران کو حل کرسکیں۔
آصف علی زرداری
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ لاہور میں دھماکے کی مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی، افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
زرداری نے مزید کہا کہ حکومت دہشت گردوں اور منصوبہ سازوں کو قانون کی گرفت میں لائے۔
مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ انار کلی بازار جسے پر ہجوم اور مصروف ترین علاقہ میں دھماکہ نہایت افسوسناک اور تشویشناک واقعہ ہے۔ بچے سمیت جاں بحق اور زخمی ہونے والے خاندانوں اور پاکستان پر رحم فرمائے۔
شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ لاہور کے زندہ دل اور تاریخی علاقے انار کلی میں دھماکے سے قیمتی جانی نقصان پر بے حد دکھ اور افسوس ہے۔ معصوم بچےاورغریب افراد اس میں نشانہ بنے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ اسلام آباد کے بعد لاہور میں دہشت گردی ملک کے لئے نیک فال نہیں!
چودھری شجاعت، پرویز الٰہی
اُدھر مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے لاہور انارکلی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ پرامن شہر کا امن خراب کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی امداد دی جائے۔
مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کو مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔
فضل الرحمان
امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے انارکلی بم دھماکے کی مذمت کی اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
فضل الرحمان نے کہا کہ انارکلی بازار میں دھماکے کا سن کر بے حد افسوس ہوا، انارکلی دھماکے سے صوبائی حکومت اور انتظامیہ کی نا اہلی کھل کر سامنے اگئی ہے، صوبائی حکومت شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی ہے، جمعیت علماء اسلام کے رضاء کار زخمیوں کو خون کے عطیات فراہم کرے۔
فواد چودھری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک ہے۔
فواد نے دھماکا میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمی افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔