اسلام آباد: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے دوران کوہاٹ کے سٹی میئر کا الیکشن جیتنے والے آزاد امیدوار نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سیّد شبلی فراز کے ہمراہ ملاقات کی، ملاقات میں پی ٹی آئی کے تحصیل چیئرمین گمبٹ، کوہاٹ ساجد اقبال نے بھی شرکت کی۔
ملاقات میں ضلع کوہاٹ میں پارٹی کی تنظیم سازی اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر آزاد منتخب ہونے والے تحصیل چیئرمین لاچی، کوہاٹ محمد احسان اور کوہاٹ سٹی مئیر کے آزاد امیدوار شفیع اللہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے پارٹی میں شمولیت پر ان کاخیر مقدم کیا اور توقع ظاہر کی وہ حلقے کے لوگوں کی بہتری کے لیے بھرپور کام کریں گے۔
وزیراعظم نے منتخب عوامی نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف عوام کے ساتھ اپنی رابطہ مہم کو تیز کریں بلکہ ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کوآرڈینیشن کو بھی بہتر بنائیں۔