لاہور: (دنیا نیوز) حسان خاور نے کہا ہے کہ قومی صحت کارڈ قوم کے دل کی آواز اور عوامی امنگوں کا ترجمان منصوبہ ہے، پی ٹی آئی حکومت قومی صحت کارڈ کے ذریعے قوم کی تقدیر بدل رہی ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا کہ بزدار حکومت صوبے میں صحت کی سہولیات آسمان کی بلندیوں پر لے گئی، ہر خاندان دس لاکھ روپے کی خطیر رقم سے اب اپنا علاج معالجہ کرواسکتا ہے، پی ٹی آئی حکومت نے علاج کی فراہمی کیلئے امیر اور غریب کا فرق مٹا دیا، ہر گزرتا دن اہل پنجاب کی تقدیر بدل رہا ہے۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کا جال بچھا دیا، اہل پنجاب بلا امتیاز ترقی کا حقیقی مشاہدہ کر رہے ہیں، جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار کا وژن اور مشن ہے، پنجاب کی حقیقی ترقی و خوشحالی مافیا سے ہضم نہیں ہو رہی، اہل پنجاب کی حقیقی خدمت سے مافیا کے منہ بند کرتے رہیں گے۔