لاہور:(دنیا نیوز) احتساب عدالت نے ن لیگ کے رہنما راجہ قمرالسلام سمیت 16 ملزمان کو صاف پانی کمپنی ریفرنس سے بری کردیا ہے۔
صاف پانی کمپنی ریفرنس میں 16 ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ آگیا اور لاہور کی احتساب عدالت نے لیگی رہنما راجہ قمرالسلام اور وسیم اجمل سمیت 16 ملزموں کو بری کردیا ہے۔
درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ ترمیمی آرڈیننس کے بعد ان کا کیس نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔
دوران سماعت نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ترمیمی آرڈیننس کا اطلاق زیر سماعت کیسز پر نہیں ہوتا، لہٰذا عدالت بریت کی درخواستیں مسترد کرے۔
احتساب عدالت کے جج ساجد اعوان نے فریقین کے وکلا ء کے دلائل سنے، جج ساجد اعوان نے دلائل مکمل ہونے پر صاف پانی کمپنی ریفرنس میں بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنایا، تمام ملزمان کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں ریفرنس سے بری کرنے کا حکم دیدیا گیا۔
خیال رہے کہ نیب نے 2018 میں 250 سو سے زائد صفحات اور 9 جلدوں پر مشتمل ریفرنس دائر کیا تھا اور الزام لگایا گیا تھا کہ ملزمان نے 345 ملین کی کرپشن کی۔
عدالتی فیصلے پر صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے ٹویٹ کیا کہ صاف پانی ریفرنس میں 16 افرادکی بریت پراللہ کاشکرگزارہوں، سیاسی انتقام کی دھند بتدریج چھٹ رہی اورسچائی کی روشنی بڑھتی جارہی ہے، بہادری اورثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے والےساتھیوں پرفخر ہے۔
راجہ قمرالاسلام سابق MPA، وسیم اجمل سمیت 16 ملزمان کی صاف پانی ریفرنس میں بریت پر اللہ تعالٰی کا شکر ادا کرتے ہیں۔ سیاسی انتقام کی دھند بتدریج چھٹ رہی ہے اورسچائی کی روشنی بڑھتی جا رہی ہے۔بہادری و ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے والے ساتھیوں پر فخر ہے۔ اس کامیابی پر انہیں بہت بہت مبارک!
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) January 31, 2022
ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے ٹوئٹ کیا کہ شہباز شریف کی ایمانداری ایک بار پھر ثابت ہوئی، صاف پانی کیس سراسرجھوٹ اورسیاسی انتقام ثابت ہوا، ہرآنے والا فیصلہ مسلم لیگ ن کو سرخرو کرے گا۔
الحمدللہ! شہباز شریف کی عوامی خدمت اور ایمانداری قانون اور عوام کی عدالت میں ایک بار پھر ثابت ہوئی۔ صاف پانی کیس میں ثابت ہوا کہ سب سے کم بولی دینے والی کمپنی سے بھی 20 کروڑ روپے کم کرائے گئے لہذا اس کیس میں کرپشن ہونے کا تمام عمرانی افسانہ سراسر جھوٹ اور سیاسی انتقام ثابت ہوا۔ https://t.co/stWIPpA8zg
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) January 31, 2022
واضح رہے کہ صاف پانی کمپنی ریفرنس میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کے داماد علی عمران اور بیٹی رابعہ عمران اشتہاری ملزمان ہیں۔