احتساب عدالت کا شہباز شریف کے ذاتی معالجین کو میڈیکل بورڈ میں شامل کرنے کا حکم

Published On 20 January,2021 02:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے حکومتی میڈیکل بورڈ میں شہباز شریف کے ذاتی معالجین شامل کرنے کا حکم دے دیا۔

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے لیے اچھی خبر، میڈیکل بورڈ میں شہباز شریف کے تین ذاتی معالجین کو پینل میں شامل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے درخواست پر فیصلہ سنایا۔

قبل ازیں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تو سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ سماعت کے دوران شہباز شریف ایک بار پھر روسٹرم پر آگئے۔ فاضل جج نے شہباز شریف سے سوال کیا آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں۔ جس پر لیگی رہنما نے کہا میڈیکل بورڈ نے میڈیکل رپورٹس نہیں دی، جیل والوں نے بتایا وہ عدالت میں پیش کر دی ہیں۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر لاہور میں ویسٹ منیجمنٹ کمپنی پر کسی ادارے نے میری باتوں کی تردید نہیں کی، میرے خلاف لندن سے خبر چھپائی گئی، جس نے خبر چھپوائی اس کا نام نہیں لوں گا، پنجاب میں برطانیہ کی حکومت کے ساتھ ملکر 5 ارب روپے کے مختلف پروگرام شروع کیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا ڈیلی میل نے جب خبر شائع کی تو برطانیہ کی حکومت نے اتوار کے روز آفس کھول کر تحقیقات کیں، برطانیہ میں اتوار کی چھٹی بہت اہم ہوتی ہے مگر اس دن افسز کھولے اور تحقیقات کی گئیں مگر میرے خلاف کرپشن ثابت نہیں ہوئی، ڈیلی میل میں خبر شائع کر کے پاکستان کو بدنام کیا گیا، ہر ایک منصوبے میں پیسے کی بچت ملے گی۔

 

Advertisement