اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں صدر مملکت عارف علوی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی، وفاقی وزرا بھی شریک ہوئے، بھمبر، کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ریلی نکالی گئی۔ صدر مملکت عارف علوی، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے شرکت کی۔ ریلی میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی اور وزیر مملکت زرتاج گل بھی شریک ہوئیں۔ فضا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی۔
لاہور میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریب سے گورنر پنجاب نے خطاب کیا۔ چودھری سرور کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازا گرم کر رکھا ہے۔ کشمیریوں کو پابند سلاسل کیا گیا ہے، ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی، کشمیریوں کو ضرور آزادی ملے گی۔
پشاور میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ریلی نکالی گئی۔ وزیراعلیٰ محمود خان بھی ریلی میں شریک ہوئے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حق خود ارادیت اور جدوجہد آزادی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے، بھارتی قبضے سے آزادی تک کشمیری عوام کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔
زیارت میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو بھی شریک ہوئے۔ راولاکوٹ میں یوم یکجہتی کشمیر پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ میرپور آزاد کشمیر میں منگلا اور دھان گلی پلوں کے مقام پر بھی ہاتھوں کی انسانی زنجیر بنائی گئی۔
صدر مملکت عارف علوی
صدر مملکت عارف علوی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر قائم ہے، حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، کشمیری ناجائز بھارتی قبضے کے خلاف جرات مندانہ جدوجہد میں ضرور سرخرو ہوں گے، آج پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے، مسئلہ کشمیر سے متعلق فیصلہ کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہوگا، مسئلہ کشمیر کا حتمی فیصلہ غیر جانبدارانہ استصواب رائے سے کیا جائے گا، مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانے مسائل میں سے ایک ہے، بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوسکا۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام 7 دہائیوں سے ظلم کیخلاف برسر پیکار ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے، بھارت ماورائے عدالت قتل اور جعلی مقابلوں میں ملوث ہے، 9 لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ وادی کو جیل میں بدل دیا، آر ایس ایس اور بی جے پی کی تحریک آزادی کنٹرول کرنے کی کوشش ناکام رہی، 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، کشمیر میں بھارتی اقدامات سے خطے میں امن کوششوں کو نقصان پہنچا، بھارتی اقدامات سے جنوبی ایشیا اور دنیا میں سنگین اثرات مرتب ہوں گے، عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کا محاسبہ کرے۔
وزیراعظم عمران خان
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پورے عزم و اتحاد کے ساتھ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیساتھ کھڑا ہے، مودی کی فسطائی پالیسیاں کشمیر کی مزاحمت کی روح کچلنے میں ناکام رہی ہیں، وقت آگیا ہے دنیا بھارتی مظالم ، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے، کشمیر میں غیرجانبدارانہ استصوابِ رائے کا اہتمام عالمی برادری کے ذمہ ہے، اقوامِ عالم مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حالتِ زار کونظرانداز نہ کریں۔
Pakistan stands united with our Kashmiri brothers & sisters and committed to their legitimate struggle for self-determination. Modi’s fascist policies of oppression & violence have failed to crush the spirit of the Kashmiri resistance in IIOJK.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 5, 2022
It is time the world takes notice of India s grave human rights violations in IIOJK which include crimes against humanity, war crimes & genocidal acts as well as the threat of forced demographic change. All these are in complete violation of the Geneva Conventions.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 5, 2022
It is the international community s responsibility to ensure an impartial plebiscite in Kashmir. The world must not ignore the plight of the people of IIOJK and their undeniable desire to free themselves from the Indian state s draconian military occupation.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 5, 2022
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کشمیریوں کو جدوجہد آزادی پر سلام پیش کیا ہے۔ آرمی چیف کا کہنا ہے کہ بھارتی مظالم، لاک ڈاؤن اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف کشمیریوں کے عزم اور دلیرانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اس انسانی المیے کے خاتمے کا وقت آگیا، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کا وقت آگیا ہے۔
Tribute 2 ppl of Kashmir, their resolve and valiant struggle, braving gravest human rights violations & lockdown in IIOJ&K under Indian occupation forces. Time to end this human tragedy & resolve #Kashmir issue as per aspirations of people of J&K & #UN resolutions. COAS
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) February 5, 2022
شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے یوم یک جہتی کشمیر پر کشمیری شہداء کو سلام، عظیم جدوجہد پر کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازعات اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری کے لئے دو بڑے چیلنج ہیں، دیرینہ ترین تنازعات کے حل تک اقوام متحدہ کے قیام کے بنیادی مقاصد پورے نہیں ہوں گے، 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یک طرفہ بھارتی اقدامات عالمی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، عالمی برادری بھارت کو انسانی حقوق کی سنگین اور منظم پامالیوں، عالمی قانون کی خلاف ورزیوں پر جوابدہی کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ مقبوضہ جموں و کشمیر حل کرایا جائے، آج کا دن اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ اپنی قانونی، جمہوری اور انسانی ذمہ داریاں پوری کریں، یوم یکجہتی کشمیر پاکستانی عوام کے لئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے اپنے بھائیوں بہنوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا دن ہے، تنازعہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن و ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔
بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن تھا، کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت کے لیے جاری جدوجہد کو پی پی پی کی جانب سے غیر متزلزل حمایت حاصل رہے گی، مسئلہ کشمیر تقسیمِ برصغیر کا نامکمل ایجنڈا اور عالمی ضمیر پر بوجھ ہے، مسئلہ کشمیر کے تصفیے کے بغیر خطے میں پائیدار امن اور دنیا میں انسانی حقوق کی پاسداری کا خواب پورا نہیں ہوگا، بھارت سات دہائیوں تک مظالم کے پھاڑ توڑنے کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کو روکنے کے لئے عالمی برادری کو اپنی ذمیداریاں نبھانا ہوں گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج اگر پاکستان میں پی پی پی کی حکومت ہوتی تو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مودی کے دانت کھٹے کر دیئے ہوتے، پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کی کشمیر کاز کے لئے کی گئی کاوشوں کے باعث کشمیریوں کی دلوں میں ہمیشہ جذبہ محبت و اعتماد موجزن رہا ہے، قائدِ عوام نے تو اپنی پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر کی وجہ سے رکھی تھی، یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہی تھیں، جنہوں اپنی حکومت میں ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتیِ کشمیر منانے کا آغاز کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار
یوم یکجہتی کشمیر پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب بے گناہ کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کی صبح طلوع ہوگی، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن ممکن نہیں، عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد کو اب دبانا ممکن نہیں، غاصب مودی سرکار طاقت کے زور پر کشمیریوں کاجذبہ حریت ختم نہیں کرسکتی، پوری قوم کشمیریوں کی جدوجہدآزادی میں ساتھ ہے اور ہمیشہ ساتھ رہے گی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی امداد کا سلسلہ جاری رکھے گا، پاکستان نے ہر فورم پر بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر میں مظالم کو اٹھایا ہے، وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر ہر عالمی فورم پر اٹھا کر کشمیریوں کے سفیر ہونے کا حق ادا کیا، شکست انڈیا کامقدر ہے، پاکستانی عوام کا کشمیریوں سے دل کا رشتہ ہے، بھارت اقلیتوں کا قبرستان بن رہا ہے، عالمی برادری کو آنکھیں کھولنا ہوں گی، مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا او رہم دیکھیں گے، اقوام عالم کی خاموشی کی وجہ سے بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے۔
امریکی پاکستانی سفارت خانے میں سیمینار
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر امریکا میں پاکستانی سفارت خانے نے سیمینار کا انعقاد کیا۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں رائج کالے قوانین کو فی الفور واپس، فوجی محاصرہ ختم اور اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوششوں کو ترک کیا جائے۔ ذرائع ابلاغ سے پابندیاں اٹھائی جائیں اور قیدیوں کو رہا کیا جائے۔ دنیا بھارت کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق 75 سال سے زیر التوا مسئلے کے حل کے لئے بامعنی اقدامات پر مجبور کرے، مقبوضہ وادی میں قابض بھارتی فوج کے بدترین جبر نے وادی میں انسانی حقوق کے حوالے سے ایک المیے کو جنم دیا ہے۔
برسلز میں کار ریلی
برسلز میں کشمیر ڈے پر کار ریلی نکالی گئی۔ پاکستانی اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے کشمیریوں پر بھارتی ظلم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں پر مظالم رکوائے جائیں، کشمیریوں کو آزادی کا حق دیا جائے۔ برسلز میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ اور پشتون آرگنائزیشن نے کار ریلی نکالی جس میں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ مظاہرین نے گاڑیوں پر کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے لگا رکھے تھے۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہا ہے، کشمیر کو نو گو ایریا بنا دیا گیا، عالمی برادری کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کا بھیانک چہرہ بےنقاب کریں گے، کشمیری عوام کی آزادی تک ہر سطح پر بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔