کل سیاست کرنے کا نہیں کشمیریوں سے یکجہتی کا دن ہے: امیر مقام

Published On 04 August,2025 04:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا ہے کہ کل کا دن سیاست کا نہیں کشمیریوں سے یکجہتی کا ہے، پی ٹی آئی احتجاج کے لیے 5 اگست کے بجائے کوئی اور دن رکھتی تو اچھا ہوتا۔

حریت کانفرنس کے رہنماؤں کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر امیرمقام نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں کشمیریوں کو شہید کردیا گیا، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے۔

امیرمقام نے کہا کہ بھارت نے کشمیری رہنماؤں اور نوجوانوں کو غیرقانونی طور پر جیلوں میں قید کر رکھا ہے، کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، بھارت مظالم سے کشمیری عوام کی تحریک کو دبا نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر اپنے واضح موقف سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے اجاگر کرتے رہیں گے، مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کے لیے آواز اٹھائی، تحریک انصاف کو کل پانچ اگست کے دن احتجاج نہیں کرنا چاہیے تھا، کل یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کل اسلام آباد سے ریلی بھی نکالیں گے، کل قومی اسمبلی کا اجلاس بھی ہوگا، قرارداد بھی پاس کروائیں گے، بات چیت کے دروازے ہروقت کھلے رہتے ہیں، کل بھی یہ احتجاج کر کے دیکھ لیں کچھ نہیں ہوگا۔