لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بکھری ہوئی پی ڈی ایم پہلے اپنے گھر کو دیکھے، اپوزیشن اکٹھی ہو بھی جائے تو عمران خان کے سامنے ان کی حیثیت نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ استعفوں سے بھاگنے والی اپوزیشن کا عدم اعتماد کا شوشہ ناکام رہے گا، کچھ جماعتیں اپوزیشن اتحاد کیخلاف عدم اعتماد کر کے راستے جدا کرچکیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک آگے بڑھ رہا ہے، اپوزیشن ملک کو ریورس گیئر لگانا چاہتی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت مضبوط ہے اور اپوزیشن کمزور ہے، ساری اپوزیشن اول تو ایک ہو نہیں سکتی، اگر اکٹھی ہو بھی جائے تو بھی وزیر اعظم عمران خان کے سامنے ان کی کوئی حیثیت نہیں، اپوزیشن جماعتوں کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ اپوزیشن پر عوام عدم اعتماد کرچکے، یہ عدم اعتماد کیا لائیں گے، مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔