قصور:(دنیا نیوز) پیپر ملز میں آتشزدگی سے 2 افراد جھلس کر جاں بحق اور 15زخمی ہوگئے، واقعے کا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوٹس لے لیا ہے۔
قصور کے علاقہ بلھے شاہ روڈ کے قریب پیپر ملز میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 15 زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قصور کی فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیکر کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ آتشزدگی پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، متعلقہ ادارے امدادی سرگرمیاں مزید تیز کریں۔
وزیر اعلی عثمان بزدار نے آتشزدگی سے 2 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔