سپریم کورٹ: راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیس کا تحریری حکم نامہ جاری

Published On 10 February,2022 10:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

سپریم کورٹ نے31 جنوری کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے، 12صفحات پر مشتمل حکم نامہ جسٹس اعجاز الاحسن نے تحریر کیا ہے۔

عدالت نے اپنی تحریری فیصلے میں بتایا کہ کیس میں آئینی اورقانونی نکات اٹھائےگئےجن کا گہرائی سےجائزہ لینا ضروری ہے، پنجاب حکومت کے وکیل سے پوچھا کہ ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائرکیوں نہیں کی گئی، وکیل نےکہا ایسےقوانین کالعدم قرار دیےہیں جن کے ریلیف کا فورم سپریم کورٹ ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہےکہ قانونی نکات کاجائزہ لینےکے لیے پنجاب حکومت کی اپیل مشروط طورپر منظورکی جاتی ہے، پنجاب حکومت کو انٹراکورٹ اپیل نہ کرنے اور درخواست کےقابلِ سماعت ہونے پر دلائل دیناہوں گے۔

سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئےکہا کہ روڈا اور منسلک ایجنسیاں صرف وہاں کام جاری رکھ سکتی ہیں جہاں زمین لی جاچکی ہے، ماحولیاتی ایجنسی اور متعلقہ محکمے موصول شدہ درخواستیں قانون کے مطابق دیکھیں، موصول شدہ درخواستوں کی منظوری، اجازت ناموں،این اوسی اورحتمی رپورٹس دی جائیں، اگر کوئی فریق چاہے تو اضافی دستاویزات بھی جمع کراسکتا ہے۔

خیال رہے کہ عدالت نے راوی اربن پراجیکٹ کالعدم قرار دینےکا ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کیا ہے۔
 

Advertisement