کراچی میں دو گاڑیاں ٹکرا گئیں، ایک خاتون جاں بحق، تین افراد زخمی

Published On 13 February,2022 09:43 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی ساحل دودریا کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ خاتون سمیت تین افراد زخمی ہو گئے، دوسری جانب رات گئے ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ دو پولیس مقابلوں میں دو ڈاکووں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

کراچی ساحل دو دریا کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم کے متاثرین کراچی یونیورسٹی کے طالب علم تھے۔ جاں بحق خاتون کی شناخت اومی کے نام سے ہوئی۔ خاتون کا تعلق سومالیہ سے تھا، تمام زخمیوں کا تعلق کینیا سے تھا اور کراچی یونیورسٹی کے ہاسٹل میں رہائش پذیر تھے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ افراد کی کار نے ڈبل کیبن گاڑی کوہٹ کیا جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ دوسری جانب شارع فیصل کارساز کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹرسائیکل رائڈر جاں بحق ہو گیا، پولیس کے مطابق واقعہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

ادھر سلطان آباد پی آئی ڈی سی کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 26 سالہ مصطفی جان بحق ہو گیا، لاش کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

کراچی میں رات گئے دو مبینہ پولیس مقابلے ہوئے، گلشن معمار ناردرن بائی پاس اور ملیر ہالٹ کے قریب پولیس مقابلوں میں دو ڈاکووں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا۔