بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ: کے پی حکومت کی نئے شیڈول پر انتخابات روکنے کی استدعا مسترد

Published On 14 February,2022 02:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا حکومت کی نئے شیڈول پر انتخابات روکنے کی استدعا مسترد کر دی۔ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن شیڈول معطل کر کے غلط مثال قائم نہیں کرینگے، شیڈول کا فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے تو کیا الیکشن کمیشن کو بند کر دیں۔

 جسٹس اعجاز الااحسن کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ ابیٹ آباد بینچ کے فیصلے کیخلاف اپیل کی سماعت کی۔ خیبرپختونخوا حکومت نے 31 مارچ کو دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ کی مخالفت کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ صوبائی حکومت ابھی کہہ رہی ہے کہ رمضان کے بعد الیکشن کروا دیں، پھر کہیں گے عید آگئی، اس طرح تو الیکشن ہوگا ہی نہیں۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف کوئی حکم نہیں دینگے۔

خیبر پختونخوا حکومت کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے انصاف کی توقع نہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ذاتی مفادات کیلئے اداروں پر عدم اعتماد نہ کریں۔ عدالت نے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن منگل کے روز تمام فریقین کو سن کر مناسب حکم جاری کرے۔ سپریم کورٹ نے اپیل نمٹا دی۔

 

Advertisement