اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی نے کہا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث گروپ اور عناصرانسانیت کے دشمن ہیں۔ پاکستان پر دہشت گرد حملے کو ایران پر حملے کے برابر سمجھتے ہیں۔
ایرانی وزیر داخلہ احمد وحیدی نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی، وزیر داخلہ شیخ رشید اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔
پاکستانی وزیراعظم نے ایرانی وزیر داخلہ اور ان کے ہمراہ وفد کے دورے اسلام آباد کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان مشترکہ سرحدوں کی امن اور سلامتی برقرار رکھنے پر زور دیا۔
عمران خان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کی مضبوطی بالخصوص مشترکہ سرحدوں میں تجارت کو آسان بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے افغانستان کی تبدیلیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فوجی حل اس ملک کے مسائل کا حل نہیں رہا اور اب عالمی برادری کو افغان عوام کو شدید انسانی اور معاشی بحران سے نجات دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
دوسری طرف ایرانی وزیر داخلہ نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے ملاقات کی، وزیر داخلہ کی قیادت میں ایرانی وفد اور وزارت داخلہ کے اعلی حکام کے درمیان دو طرفہ مذاکرات ہوئے جبکہ علاقائی سکیورٹی صورتحال، افغانستان میں ممکنہ انسانی المیے سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران پاک ایران بارڈر پر فینسگ کاکام جلد سے جلدمکمل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور غیر قانونی انسانی امیگریشن اور منشیات سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے مختلف تجاویز پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے بعد جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاک و ایران سرزمین ایک دوسرے کے خلاف دہشت گرد کاروائیوں کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔اعلامیہ پاکستان اورایران کے درمیان باہمی تعلقات کو ہمہ جہت بنانے کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دئیے جائیں گے۔ پاک ایران بارڈرز پر مارکیٹس قائم کی جائینگی۔بارڈر ٹرمینلزکی تعداد کو بڑھایا جائیگا۔
ایرانی وزیر داخلہ ڈاکٹر احمد وحیدی نے پاکستان میں حالیہ دہشت گرد کاروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی واقعات میں حالیہ اضافہ افسوسناک ہے، خاتمے کے لیے مشترکہ تعاون کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی کاروائیوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی میں ملوث گروپ اور عناصرانسانیت کے دشمن ہیں۔ پاکستان پر دہشت گرد حملے کو ایران پر حملے کے برابر سمجھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات تاریخی اورانتہائی دیرینہ ہیں۔
اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائید پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ مالی وسائل کی شدید قلت سے افغانستان میں جلدانسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ اقوام عالم کو انسانیت کے ناطے افغان عوام کی مدد کرنی چاہئے۔ خطے میں پائیدارامن اورافغان عوام کی فلاح کے لئے پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہےگا۔ پاکستان اور ایران کی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف دہشت گرد کاروائیوں کے لئے استعمال نہیں ہوسکتی۔ غیرقانونی انسانی امیگریشن اورمنشیات سمگلنگ کی روک تھام کیلئے فینسگ کا کام جلد مکمل ہونا ضروری ہے۔