اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بل گیٹس کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، جس میں وفاقی وزرا، وزرائے اعلیٰ اور گورنرز نے بھی شرکت کی۔ بل گیٹس نے وزیراعظم کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کیا۔
بل گیٹس نے اپنے وفد کے ہمراہ این سی او سی کے اجلاس میں بھی شرکت کی جہاں انہیں این سی او سی کے کردار، طریقہ کار اور کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا۔ بل گیٹس کو کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات اور موجودہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔
مائیکروسافٹ کے بانی نے این سی او سی کی حکمت عملی کیساتھ اسمارٹ اور میکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کو سراہا۔ وفد نے پاکستان میں کوروناویکسین لگانے کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور صحت کے شعبے میں حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ مائیکروسافٹ کے بانی اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس نے ویکسینیشن مہم کے حوالے سے اپنے تاثرات بھی بیان کیے۔
وفاقی وزیر اسدعمر نے بل گیٹس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا حکومت کو کامیابیاں قومی ردعمل اور این سی او سی کی منظم مہم کے باعث ملیں۔