لاہور: (دنیا نیوز) رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگ رابطے میں ہیں، تحریک عدم اعتماد لائیں گے، اپوزیشن لانگ مارچ کا آپشن بھی استعمال کر رہی ہے، اگر کوئی خطرہ نہیں تو حکومت وزارتیں کیوں بانٹ رہی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللہ نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کیخلاف کیسز میں نیب کو ناکامی ہوئی، نیب کی ناکامی کے بعد اب ایف آئی اے کو پیچھے لگا دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ اب نیب سے سوالوں کا جواب مانگ رہا ہے، اب نیب بھاگ رہا ہے، اب نیب اسلام آباد ہائیکورٹ سے مہلت مانگ رہا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ 4 سال میں مخالفین کو للکارنے، مقدمات بنانے کے سوا وزیراعظم نے کچھ نہیں کیا، ملک میں امن و امان کی صورتحال بدتر، ملک گراوٹ کی جانب گامزن ہے، وزیراعظم نے جو اعتماد کا ووٹ لیا اس میں صرف 7 یا 8 ووٹ کا فرق تھا، پی ٹی آئی کے اپنے لوگ ان کے ساتھ آئندہ کا الیکشن نہیں لڑنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اپنے لوگ انہیں چھوڑنے کیلئے تیار اور ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، حکومت کہتی تھی ہمیں اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں پھر وزارتیں کیوں بانٹنے لگے ہیں، ہم کسی ایمپائر کی انگلی کی طرف نہیں دیکھ رہے، آئین پر عملدرآمد سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔