ہنگو:(دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ لاکھوں نوکریوں کی بات کرکے قوم کو بھکاری بنانے والوں کا انجام قریب ہے، ان کا کھیل ختم ہوچکا، اب انقلاب آئے گا اور نااہل حکمرانوں سے جلد جان چھوٹ جائے گی۔
ہنگو میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 50 لاکھ گھر دینے والوں نے 50 لاکھ گھر گرائے، ایک کروڑ نوکریاں دینے کا دعویٰ کیا، 1947 سے لیکر آج تک تمام سرکاری ملازمین کی تعداد ایک کروڑ تک نہیں پہنچی اور قوم کو نعروں کے ذریعے بے وقوف بنایا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ایک قوت نے ہاتھ ہٹایا تو ہرطرف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ریاست مدینہ کا نام لیکر اصل ریاست مدینہ کا چہرہ مسخ کرنے کی سازش کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ مملکت کے اجتماعی نظام میں قران و سنت کیلئے علماء کا ہونا ضروری، اس کیلئے جمیعت سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے، پاکستان میں علماء کرام کا سب سے بڑا فارم جے یو آئی ہے، قرآن اور حدیث نے ہمیں تعلیمات دے دیں، ہمیں اس کے بارے میں پوچھا جائے گا۔