لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور پنجاب اسمبلی کے سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سیاسی ماحول میں روز بروز نئی صورتحال بن رہی ہے، جلد سیاسی بادل چھٹ جائیں گے اور موسم صاف ہو جائے گا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ن لیگ خیبرپختونخواہ کے سینئر نائب صدر انتخاب خان چمکنی نے ملاقات کی، انتخاب خان چمکنی نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سینیٹر کامل علی آغا اور چودھری امتیاز احمد رانجھا بھی موجود تھے، چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کو اولین ترجیح دینا اور بنیادی مسائل کے حل میں کردار ادا کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے، اس وقت عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کرنے اور ریلیف دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس عز م کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ آئندہ بھی اپنا مثبت سیاسی کردار ادا کرتے رہیں گے، ہم نے ہمیشہ عوام کے مفاد کو ترجیح دی ہے، جب بھی موقع ملا عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا۔