ملتان:(دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نے کل ہی اعلان کیا ہے کہ عدم اعتماد لائی جائے گی، پی ڈی ایم کی فریق جماعتوں کا جرگہ بلوا رہے ہیں اور پیپلز پارٹی بھی تحریک عدم اعتماد چاہتی ہے، حکومتی اتحادیوں سے ابتدائی رابطے کامیاب رہے، تحریک عدم اعتماد کیلئے ووٹ جلد پورے کرلیں گے، تبدیلی سرکار کا کھیل ختم ہوچکا ہے اور اب نئی گیم شروع ہونے والی ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری طریقے کے ساتھ تبدیلی کی بات کی جائے، اس وقت بجلی کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا، شاہ محمود قریشی کو کیوں سرٹیفیکٹ سے محروم رکھا گیا، بظاہر اشارے مل رہے ہیں کہ کھیل ختم ہو چکا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کے پاس نہیں،ریاست کے اندر نئی ریاست نہ بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے جمعہ میں پورے ملک سے اپیل کریں گے کہ خواتین کو حجاب کروائیں، ہندوستان مین مسلمانوں سے حق چھینا جارہا ہے ، مسلمان بیٹی نے ہندوستان میں ظلم کیخلاف آواز آٹھائی ہے۔