مشتعل جتھوں کو بے لگام نہیں چھوڑا جاسکتا: بلاول کی خانیوال واقعہ کی مذمت

Published On 13 February,2022 04:19 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خانیوال میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں ایک فرد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشتعل جتھوں کو بے لگام نہیں چھوڑا جاسکتا، یہ سلسلہ پورے معاشرے کو عدم تحفظ سے دوچار کردے گا، حکومت میاں چنوں واقعے کی شفاف تحقیقات کرائے اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ میاں چنوں کے قصبے تلمبہ کے 17 موڑ پر ہونے والے سانحے نے ایک بار پھر پوری قوم کا سر شرم سے جھکادیا، سانحہ سیالکوٹ کے بعد سانحہ تلمبہ جیسے واقعات ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہیں، حکومت سانحہ تلمبہ کی شفاف تحقیقات کرائے اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے، ہجوم کے ہاتھوں الزام کی بنیاد پر قتل کے ہوتے مسلسل واقعات حکومتی رٹ پر سوالیہ نشان ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عوامی مقامات پر ہجوم کی جانب سے قتل کے سانحات کی وجہ سے عالمی برادری میں بھی پاکستان کے امیج کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے، مشتعل جتھوں کو بے لگام نہیں چھوڑا جاسکتا، یہ سلسلہ پورے معاشرے کو عدم تحفظ سے دوچار کردے گا، الزامات کی بنیاد پر ہجوم کی جانب سے قتل کے واقعات کو روکنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر آنا ہوگا، قانون کی عملداری کو اگر یقینی نہ بنایا گیا تو پھر افراد کی جانب سے قانون ہاتھ میں لینے کی ایسی روایت قائم ہوجائے گی کہ جس کو روکنا مشکل ہوگا۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے نواب شاہ میں زمینی تنازع پرتصادم کے دوران تھانے دار سمیت چھ افراد کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کا نوٹس لیا اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ہدایت کی کہ واقعے کی شفاف انکوائری کی جائے۔
 

Advertisement