خانیوال واقعہ: پولیس کی 15 مرکزی ملزم گرفتار کرنے کی تصدیق

Published On 13 February,2022 04:45 pm

لاہور:(دنیا نیوز) خانیوال واقعہ کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئیں اور پولیس نے 15 مرکزی ملزم گرفتار کرنے کی تصدیق کردی ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مزید کی شناخت کا عمل اور گرفتاریوں کیلئے چھاپے جاری ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق خانیوال کی تحصیل میاں چنوں کے قصبہ تلمبہ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت کے واقعہ پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 15 مرکزی ملزمان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کرلیا، ملزمان میں محمد یعقوب، کاشف، محمد ریاض، ثقلین، محمد شان، آصف، ندیم، قیصر نذیز، عبد الغنی، محمد اسلم، محمد عامر، اعجاز، محبوب الرحمٰن، محمد بلال اور علی شیر شامل ہیں۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ گرفتار ملزمان کو اینٹوں اور ڈنڈوں سے شہری اسلم پر تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف دہشت گردی اور سنگین جرائم کی دفعات لگائی گئی ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے مزید ملزمان کی گرفتاری اور شناخت کا عمل جاری ہے، ابھی تک کل 85 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جن میں مرکزی ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیموں کے چھاپے جاری ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سارے آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں، قانون ہاتھ میں لینے والے تمام شرپسند عناصر کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

 وزیراعظم کا میاں چنوں میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت کا سخت نوٹس

 وزیراعظم عمران خان نے میاں چنوں میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کے ہلاک ہونے کے معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے، انہوں نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔

ایک اور افسوسناک واقعہ، میاں چنوں میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت پر وزیراعظم عمران خان نے سخت افسوس کا اظہار کیا،انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کیلئے زیرو ٹالرنس ہے، وزیراعظم نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا اور پولیس کی جانب سے فرائض میں غفلت برتنے پر رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

فواد چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے بارہا اپنے نظام تعلیم میں تباہ کن شدت پسندی کی طرف توجہ دلائی،سیالکوٹ اور میاں چنوں جیسے واقعات عشروں سے نافذ تعلیمی نظام کا حاصل ہیں،یہ مسئلہ قانون کے نفاذ کا بھی ہے اور سماج کی تنزلی کا بھی ہے۔

شیریں مزاری

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ ہجوم کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں، قوانین موجود ہیں ، پولیس کو ان قوانین کو نافذ کرنا چاہیے۔

شیخ رشید کی میاں چنوں واقعے کی مذمت

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی میاں چنوں واقعے میں ہجوم کے ہاتھوں شہری کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لئے پنجاب پولیس بھر پور کارروائیاں کررہی ہے، واقعے میں ملوث افراد کے شناخت میں نادرا صوبائی حکومت کی معاونت کررہا ہے، ایسے پرتشدد واقعات روکنے کے لئے معاشرے کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، سیالکوٹ اور میاں چنوں واقعات میں ملوث افراد کسی رعائت کے مستحق نہیں ہیں۔
 

 

Advertisement