وزیراعظم کا میاں چنوں میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت کا سخت نوٹس

Published On 13 February,2022 02:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے میاں چنوں میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کے ہلاک ہونے کے معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے، انہوں نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔

ایک اور افسوسناک واقعہ، میاں چنوں میں ہجوم کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت پر وزیراعظم عمران خان نے سخت افسوس کا اظہار کیا،انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کیلئے زیرو ٹالرنس ہے، وزیراعظم نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا اور پولیس کی جانب سے فرائض میں غفلت برتنے پر رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے بارہا اپنے نظام تعلیم میں تباہ کن شدت پسندی کی طرف توجہ دلائی،سیالکوٹ اور میاں چنوں جیسے واقعات عشروں سے نافذ تعلیمی نظام کا حاصل ہیں،یہ مسئلہ قانون کے نفاذ کا بھی ہے اور سماج کی تنزلی کا بھی ہے۔

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے بھی واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ ہجوم کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں، قوانین موجود ہیں ، پولیس کو ان قوانین کو نافذ کرنا چاہیے۔
 

Advertisement